جہلم میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،کمشنر راولپنڈی

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے) کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ جہلم میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلی عثمان بزادر کی ہدایات کے مطابق جہلم کو ملکی اور عالمی سطح پر سیاحوں کیلئے ایک پرکشش مقام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ٹلہ جوگیاں تک رسائی کیلئے ٹریل کو بہتر کیا گیا ہے، اسی طرح کھیوڑہ میں نمک کی کان، قلعہ روہتاس، نندنہ کا قلعہ، سکندر اعظم کی گزرگاہ اور دیگر بہت سارے ایسے تاریخی مقامات جو دنیا بھر کیلئے کشش کا باعث ہیں اور بہتر سہولیات کی فراہمی اور سڑکوں کے نظام میں بہتری سے سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔یہ باتیں انہوں نے جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے دورہ کے موقع پر نندنہ کا قلعہ اور سکندر اعظم کی گزرگاہ کی یادگار کے دورہ کے موقع پر کیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم راؤ پرویز اختر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے رسول بیراج، تاریخی باغاں والا گاؤں، تحصیل آفس پی ڈی خان، اسپیشل ایجوکیشن سکول، اولڈ تحصیل آفس، کھیوڑہ کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ سمیت مختلف ترقیاتی پروجیکٹس کا بھی دورہ کیا۔