بلوم برگ نے پاکستان میں ویکسین لگنے کی ر فتار کو سست ترین قرا ر دیدیا
اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) بلوم برگ نے پاکستان میں ویکسین لگنے کی رفتار کو سست ترین قرار دے دیا اور کہا موجودہ رفتار سے ویکسینیشن کرنے پر اگلے 10 برس میں 75 فیصد آبادی کو ہی ویکسین دی جاسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوم برگ کی تحقیقاتی رپورٹ نے پاکستان میں ویکسین لگنے کی رفتار کو سست ترین قرار دیتے ہوئے کہا دوسرے ممالک کی نسبت پاکستان آبادی کو کرونا ویکسین لگانے میں بہت پیچھے ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں موجودہ رفتار سے ویکسینیشن کرنے پر اگلے 10 برس میں 75 فیصد آبادی کو ہی ویکسین دی جاسکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا ہے کہ پنجاب میں کرونا ویکسین لگانے کا سلسلہ بھی سست روی کا شکار ہے۔ لاہور کے لئے یہ مدت 11 سال سے زائد بنتی ہے، جس میں تمام آبادی کو ویکسین لگائی جا سکتی ہے۔ بلوم برگ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرونا ویکسینیشن کا آغاز دو ماہ قبل 3 فروری سے کیا گیا۔ فراہم کردہ اعدادو شمار کے مطابق صوبہ بھر میں اب تک 1 لاکھ 24 ہزار سے زائد ہیلتھ کئیر ورکرز کو ویکسین لگائی گئی جبکہ 2لاکھ 22ہزار سے زائد عام شہری ویکسین لگوانے میں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 11 کروڑ کی آبادی میں اب تک صرف 3 لاکھ 47ہزار 561افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے۔ اس اعتبار سے روزانہ کی بنیاد پر 5ہزار 7سو 92افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ اگر اسی رفتار کو اوسط مانا جائے تو اگلے پونے 53 سالوں میں پنجاب کی کل آبادی کو ویکسین لگائی جا سکے گی۔