ہسپتالوں کی تعمیر و کر ونا ویکسین خریداری، وزارت صحت نے 25ارب کا بجٹ حاصل کر لیا
اسلام آباد (قاضی بلال؍وقائع نگار خصوصی) وفاقی قومی وزارت صحت نے مختلف نئے ہسپتالوںکی تعمیر اور کرونا ویکسین اور دیگر ادویات کیلئے پچیس ارب روپے سے زائد کا اضافی بجٹ حاصل کر لیا ہے ۔کرونا ویکسین کیلئے چین سے چھ ارب روپے کی کرونا ویکسین خریدی جائے گی۔ یہ رقم اپریل کے آخر تک ملے گی اور اس سے تقریباً تیس لاکھ لوگوں کو کرونا ویکسین کی ڈوزز دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ نئے ہسپتالوں میں تعمیر کیلئے بھی اضافی بجٹ حاصل کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے ادویات کی خریداری کیلئے چوبیس ارب روپے لئے گئے ہیں۔ مشیر صحت نے کرونا کا مقابلہ کرنے کیلئے وزیراعظم سے خصوصی طور پر اضافی بجٹ کی منظوری حاصل کی ہے۔ وزارت قومی صحت کے اضافی بجٹ کے بعد مالی سال دوہزار بیس اور اکیس میں مجموعی بجٹ چھبیس ارب روپے ہوگیا ہے۔ اس سال وزارت قومی صحت نے نرسنگ کونسل کی عمارت کی تعمیر اور پولی کلینک ہسپتال کی توسیع کیلئے بھی پھر الگ سے بجٹ رکھ دیا ہے اور توقع کی جارہی ہے یہ منصوبے اس سال مکمل کر لئے جائیں گے۔