مدارس کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ٗحافظ نعیم الرحمن

کراچی (نیوز رپورٹر ) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ نا اہل حکومت نے FATFکے دباؤ پر شاہ سے بڑھ کر شاہ کی وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے بیرونی قوتوں کی خوشنودی کے لیے مساجد و مدارس پر قدغن سمیت وہ کام کرنے شروع کردیے ہیں،جو ماضی میں کبھی نہیں ہوئے،موجودہ حکومت کسی خوش فہمی میں نہ رہے علمائے کرام اور عوام ایسی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،جماعت اسلامی نے حکومت اور اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود عوام کی خدمت کی ہے۔ الخدمت نے کورونا وبائ، طوفانی بارشوں میں متاثرین کی امداد و بحالی سمیت گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ مسائل کے حل کی جدو جہد اور عوامی خدمات کا عمل جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے شاہ لطیف ٹاؤن میں جماعت اسلامی ضلع ملیر و الخدمت ویمن ونگ کے تحت قائم کیے گئے ’’الخدمت خواتین کمیونٹی سینٹر‘‘ کی افتتاحی تقریب اورجامعۃ الہدی نارتھ کراچی کی سالانہ تقریب سعید تکمیل حفظ قرآن،تقسیم اسناد وانعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔افتتاحی تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع ملیر محمد اسلام،صدر پبلک ایڈ کمیٹی ضلع ملیرقدر گل، ناظم الخدمت ضلع ملیرخلیل الرحمٰن اور ناظم علاقہ شاہ لطیف ٹاؤن، مفتی محمد قاسم ضیاء جبکہ سالانہ تقریب تقسیمِ اسناد سے جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے صدر مفتی علی زمان کشمیر ی،جامعۃ الاخوان کے مدیر و جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلی مولانا عبدالوحید اور مدیر جامعۃ الہدی مولانا حبیب احمد حنفی نے بھی خطاب کیا۔