گندگی کی وجہ سے ناصرف ماحولیاتی آلودگی بڑھ رہی ہے:ہائیکورٹ
لاہور( اپنے نامہ نگار سے)لاہور ہائیکورٹ نے کوڑے اور گندگی کے ڈھیروں کیخلاف درخواست پرجواب جمع نہ کروانے پر شدید اظہار برہمی کیا ، جسٹس شاہد کریم نے پنجاب حکومت اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو جواب داخل کرانے کا آخری موقع دیدیا،عدالت کے روبرو شیراز ذکا ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ شہر کو صاف نہیں کیا جارہا ہے ،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ درخواست کا جواب داخل نہیں ہو رہا تو شہر کو کیسے صاف کریں گے؟ عدالت نے قرار دیا کہ افسوس کی بات ہے کہ جواب داخل نہیں کیا، درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ کوڑے کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، گندگی کی وجہ سے ناصرف ماحولیاتی آلودگی بڑھ رہی ہے بلکہ بیماریاں بھی جنم لے رہی ہیں، استدعا ہے کہ شہر سے کوڑے کے ڈھیر ختم کرنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کا حکم دیا جائے۔