سوات کے بعد سکردو کیلئے پی آئی اے پروازوں میں اضافہ کر دیا گیا،زلفی بخاری
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیراعظم کے معاون خصوصی و چیئرمین نیشنل ٹورازم کوآرڈی نیشن بورڈ سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ سوات کے بعد سکردو کیلئے پی آئی اے پروازوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ بدھ کو ایک بیان میں زلفی بخاری نے کہا کہ رمضان اور سیاحت سیزن کے آغا ز سے قبل لاہور سے دو براہ راست پروازیں شروع کی گئی ہیں جبکہ کراچی سے بھی جلد پروازیں شروع کر دی جائیں گی۔ زلفی بخاری نے پی آئی اے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے ٹیم شمالی علاقہ جات تک رسائی بہتر بنانے کیلئے اچھا کام کر رہی ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے برطانیہ واپس جانے والے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اضافی پروازیں شروع کرنے پر انٹرنیشنل ایئر لائنز کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ 9اپریل کی نئی پابندیوں سے قبل پاکستان سے برطانیہ کیلئے برٹش ایئر ویزکی 5 پروازیں چلائی جا رہی ہیں جس میں 3شیڈول جبکہ 2اضافی پروازیں شامل ہیں۔