رمضان پیکج کے تحت ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم کوٹہ مختص ‘600فلورملز حکومتی پینل میں شامل
لاہور ( سٹی رپورٹر )محکمہ خوراک پنجاب نے رمضان پیکج کے تحت ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم کا کا کوٹہ مختص کرتے ہوئے صوبے میں آٹے کی ضرورت کو پورا کرنے کا پلان ترتیب دیتے ہوئے آٹا ملز کو بھی عوام کیلئے ریلیف دینے کے اقدمات اٹھائے ہیں ، صوبائی دارلحکومت سمیت پنجاب بھر میںحکومت پنجاب کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ر مضان پیکج کے تحت10 کلو وزن والے ڈیڑھ کروڑ سے زائد آٹا تھیلے 375 روپے میں فروخت ہوں گے جن کی اس وقت اوپن مارکیٹ میں فی تھیلا قیمت 525 روپے سے زائد، محکمہ خوراک نے آٹا فراہمی کیلئے ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم مختص کی ہے پنجاب کے وزاء اور وزیر خوراک عبدالعلیم خان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سیکرٹری فوڈ شہریار سلطان اور ڈائریکٹر فوڈ دانش افضال نے 600 سے زائد فلورملز کو رمضان پیکج کیلئے حکومتی پینل میں شامل کرنے کیلئے انتخاب کیا ہے جبکہ ایسی فلورملز جن کے خلاف سرکاری گندم چوری اور آٹا کم سپلائی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کے فیصلے موجود ہیں انہیں پیکج میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ رواں برس رمضان میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی کم ازکم قیمت 1800 روپے فی من ہو گی جبکہ حکومت رمضان پیکج کے تحت فلورملز کو 1300 روپے فی من قیمت پر گندم فراہم کرے گی۔ فی بوری 1250 روپے کے غیر معمولی فرق کی وجہ سے خودربرد کو روکنے کیلئے کڑی نگرانی کرنا بھی محکمہ خوراک کے لئے امتحان سے کم نہیں ہوگا ۔