پہلے مرحلہ میں 4ہزار اپارٹمنٹس تقسیم کریں گے : محمود الرشید
لاہور(نمائندہ خصوصی )وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کے وعدے کی تکمیل کیلئے سرگرم ہے۔ وزیراعظم بہت جلد لاہور میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 35ہزار جبکہ پہلے مرحلے میں 4000 اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ پنجاب کی دیگر تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو بھی اپنے زیر انتظام شہروں میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کی طرز پر منصوبے شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے تفصیل بتانے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ لاہور میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت ایل ڈی اے سٹی میں شامل موضع ہلوکی میں واقع آٹھ ہزار کنال اراضی پر 35ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔پہلے مرحلے میں 10 ارب روپے کی لاگت سے چار ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔چار ہزار فلیٹس تعمیر کرنے کا کام ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ علاقے میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے 20 ارب روپے کا پی سی ون منظور کیا گیا ہے۔ہر اپارٹمنٹ کا رقبہ650مربع فٹ ہوگا جو دو بیڈ رومز پر مشتمل ہوگا۔ ایل ڈی اے کی طرف سے ایک اپارٹمنٹ کی قیمت 27 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جو آسان ماہانہ اقساط میں وصول کی جائے گی۔