بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان متحرک نوجوانوں اور دلیر قوم کے باعث کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں فتح یاب ہوگا۔وہ منگل کی شام راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹر میں231 ویں کور کمانڈر ز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے .
جنرل قمر جاوید باجو ہ نے کہا کہ اس آفت کا مقابلہ کرنے میں ہر پاکستانی کی اہمیت ہے۔آرمی چیف نے اب تک میدان عمل میں فوجیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تمام کمانڈروں کو ہد ایت کی کہ وہ گلگت بلتستان ' آزاد جموں و کشمیر' اندرون سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں مشکلات کا شکار افراد کی مدد کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔کانفرنس نے کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال کے تناظر میں جغرافیائی سٹرٹیجک' علاقائی اور قومی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا, کانفرنس میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے خلاف سول انتظامیہ کی معاونت کے لئے فوجیوں کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔فورم نے مشکل کی اس گھڑی میں دلیرانہ کردار ادا کرنے پر ڈاکٹروں, نرسوں, ہیلتھ کیئر ورکروں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔