کینیڈا: ہاکی کھلاڑیوں کی بس ٹرک سے ٹکرا گئی‘ 14 ہلاک
او ٹاوا(آئی این پی‘ اے ایف پی ) کینیڈا میں بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں قومی جونیئر آئس ہاکی ٹیم کے 14 کھلاڑی ہلاک ہوگئے،کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ مرنے والوں کے والدین کی کیا حالت ہوگی،میں اور ہمبولڈ کے رہنے والے تمام شہری واقعے پر غمزدہ اور لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے سسکا توان صوبے کے شمالی علاقے ہمبولڈ برونسک میں پیش آنے والے حادثے میں کینیڈین ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت 14 افراد ہلاک ہوگئے۔ بس میں آئس ہاکی ٹیم اور عملے کے 28 افراد سوار تھے جو میچ کھیلنے کے لئے جارہے تھے کہ حادثہ پیش آگیا۔ پولیس کے مطابق نعشوں اور زخمیوں کوہسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ مرنے والوں کے والدین کی کیا حالت ہوگی۔ میں اور ہمبولڈ کے رہنے والے تمام شہری واقعے پر غمزدہ اور لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔