تشددکیس، قاسم نون کیخلاف مقدمہ درج نہ ہونے پر اہل خانہ کا پولیس کیخلاف احتجاج
شجاع آباد(خبرنگار+نامہ نگار)گزشتہ رات رکن قومی اسمبلی رانا قاسم نون اور اس کے 15/20ساتھیوںنے نشے میں دھت ہو کر رانا شہزاد چوک پر غریب کاشتکار مصطفی کے گھر پر دھاوابول دیا ۔ مسلح افراد نے شدید فائرنگ کرتے ہوئے اہل خانہ مردو خواتین کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور گھر سے مصطفی اور عابد کو اغواء کرکے لے گئے اہل خانہ کے احتجاج پر رکن قومی اسمبلی نے مصطفی اور عابد کو اپنے ڈیرہ پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اپنی گاڑی میں ڈال کر تھانہ صدر پہنچا دیا جہاں ایس ایچ اوتھانہ صدر عمر دراز نے دونوں زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا لیکن نہ تو رکن قومی اسمبلی کے خلاف کوئی مقدمہ درج کیا گیا اور نہ ہی ان کے ساتھیوں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی جس پر مصطفی اور عابد کے گھر والوں نے تھانہ سٹی چوک پر پولیس اور رکن قومی اسمبلی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔اغواء کئے گئے مصطفی اور عابد نے صحافیوں کو بتایا کہ رکن قومی اسمبلی رانا قاسم نون اور اس کے ساتھی اغواء کرکے ہمیں اپنے ڈیرے پر لے گئے جہاں رانا قاسم اور اس کے 15/20ساتھیوں نے ڈنڈوں سے ہمیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ہمارا نیچے کا دھڑ کام نہیں کررہا ۔ تاہم پولیس کے یقین دلانے پراحتجاجی مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے ایس ایچ اوتھانہ صدر عمر دراز نے صحافیوں کو بتایا کہ دونوں فریقین کی صلح ہوگئی ہے اس لیے ہم نے رانا قاسم نون کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی ۔