یو ایس ایڈ پاکستان کی زرعی پیداوار کے معیار اور مقدار کو بڑھانے کیلئے کام کر رہا ہے
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز ) امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) اور اس کے تعاون سے چلنے والے منصوبے یو ایس پاکستان پارٹنرشپ فار ایگر یکلچر مارکیٹ ڈیولپمینٹ (اے ایم ڈی) نے اسلام آباد میں پاکستان کے حلال گوشت، زیادہ اہمیت کی حامل غیر موسمی سبزیوں اور کینو کی نمائش کے لئے ایک تشہیری عشائیے کا اہتمام کیا۔ پاکستان کے سرکاری حکام، برآمدکنندگان، پروسیسرز، غیر ملکی تجارتی اتاشی ، اور یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جیری بسن اور چیر مین پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل ڈاکٹر یوسف ظفر سمیت معززین نے اس عشائیے میں شرکت کی۔ مشن ڈائریکٹر جیری بسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو ایس ایڈ اور حکومت پاکستان گزشتہ پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے سے پاکستان کی زرعی پیداوار کے معیار اور مقدار کو بڑھانے کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ مستقبل میں جب کبھی پاکستان کا لیبل لگا اسٹیک،کینو یا کھیرا بیچا جائے گا تو صارف کو مکمل اعتماد ہوگا کہ وہ دنیا میں سب سے اعلیٰ معیار کی اشیاء خرید رہے ہیں۔اس تقریب نے شرکاء کو معلومات کے تبادلے ، مواقع اور چیلنجوں پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ پاکستانی گوشت اور باغبانی کے شعبوں میں برآمدی صلاحیت بڑھانے کے لئے اقدامات کے جائزہ کا موقع بھی فراہم کیا۔تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئر مین پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل (پی اے آر سی) ڈاکٹر یوسف ظفر نے کہا کہ یو ایس ایڈ کے کے ساتھ اپنی شراکت داری کی بدولت پاکستان نے بہتر انتظامی طریقوں اور جدید ٹیکنالوجی کو زیر استعمال لا تے ہوئے اپنی زرعی پیداوارکی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل مستقبل میں بھی امداد ی اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر زرعی شعبے کی ترقی اور ترویج کے لئے کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔