جنگی جنون: بھارت کا پاکستان ، چین کی سر حد پرآج سے بڑی فضائی مشقوںکا اعلان
نئی دہلی(صباح نیوز‘ آن لائن)بھارتی فضائیہ نے پاکستان اور چین کی سرحدوں پر بڑی جنگی فضائی مشقوں کا اعلان کر دیا۔ جنگی مشقیں آج سے 21اپریل تک جاری رہیں ۔مشقوں میں11 سو لڑاکا ہیلی کاپٹرز اور دیگر طیاروں سمیت فضائیہ کے جوان اور افسران حصہ لیں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق گنگا شکتی کے نام سے جنگی مشقیں آج سے21اپریل تک جاری رہیں گی۔ مشقوں میں گیارہ لڑاکا ہیلی کاپٹرز اور دیگر طیاروں سمیت فضائیہ کے جوان اور افسران حصہ لیں گے۔ بھارتی فضائیہ حکام نے پندرہ سو جوانوں اور تین سو افسران کو سرحدوں پر پہنچنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ پروٹوکول کے مطابق پاکستان کو بھی جنگی مشقوں سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے ترجمان ونگ کمانڈر انوپم بیندجی نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ دو ہفتوں پر مشتمل ’’گنگا شکتی‘‘ نامی مشقوں میں گیارہ سو طیارے حصہ لیں گے ۔ جن میں سنحوئی تھرٹی ایم کے آئی لڑاکا طیارے اور مڈائر رییفولرز شامل ہیں ۔ ترجمان نے بتایا ایسا پہلی بار ہے کہ بھارتی فضائیہ کے آپریشن میٹریکس میں تیجاس لائٹ کمبیٹ ایئرکرافٹ کی نمائش کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشقوں کے دوران بھارتی آرمی اور بحریہ کے فضائی اور مشترکہ آپریشنز کا لچکدار استعمال کرنے پر توجہ مرکوز کی جائیں گی۔