مختلف سیکٹرز کی پانچ ترقیاتی سکیموں کیلئے 3 ارب 54 کروڑ روپے کی منظوری
لاہو ر (کامرس رپورٹر ) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2017-18 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی سپیشل اجلاس میں مختلف ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی5 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 3 ارب 54کروڑ 31لاکھ 24ہزار روپے کی منظوری دی ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد جہانزیب خان نے کی جبکہ سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران ، اسسٹنٹ چیف (کوآرڈینیشن ) پی اینڈ ڈی حافظ محمد اقبال اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے سپیشل اجلاس میںجن5ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں اہم ترقیاتی منصوبوں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن (پی سی II) کیلئے 6 کروڑ روپے، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے بوریوالا کیمپس میں بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے 66 کروڑ 39 لاکھ 30 ہزار روپے، حافظ آباد میں جناح چوک سے پنڈی بھٹیاں انٹر چینج روڈ کی کشادگی و بہتری (لمبائی 51.45 کلومیٹر، ترمیمی) کیلئے 84 کروڑ 86 لاکھ 68 ہزار روپے، ضلع سیالکوٹ میں ڈسکہ پسرور روڈ کی تعمیر و مرمت (لمبائی 32.26کلومیٹر، ترمیمی) کیلئے 1 ارب 36 کروڑ 96 لاکھ 41 ہزار روپے اور ضلع رحیم یار خان میں فیروزہ ریلوے اسٹیشن کے مقام پر فلائی اوور کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 60 کروڑ 8 لاکھ 85 ہزار روپے شامل ہیں۔