سوشل میڈیا پر خبریں پھیلانے کا مقصد پاک چین تعلقات سبوتاژ کرنا ہے: احسن اقبال
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے اسلام آباد کی فلاحی اور ترقیاتی سکیموں کیلئے بجٹ فندز مختص کئے ہیں جس میں واٹر سکیم ‘ٹرانسپورٹ سکیم ‘ سڑک کی تعمیر اور تزین و آرائش جیسے منصوبے شامل ہیں ‘ جشن بہاراں کی تقریبات میں تفریح کے متعدد پروگرام رکھے گئے ہیں۔ سی پیک کو کامیاب بنانا ہماری اولین ترجیح ہے ‘ دشمن پاکستان کو مذہبی جنونیوں کے ملک کے طور پرپیش کر رہے ہیں۔ اسلام آباد میں جشن بہاراں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد کی واٹر سپلائی سکیم کیلئے ہم نے خطیر رقم فراہم کی ہے تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کی پینے کے پانی سے متعلق مشکلات کم ہو سکیں۔ سی پیک جتنا بڑا منصوبہ ہے اتنی ہی دشمنوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔ ہم نے پاک چائنہ اقتصادی راہداری کو کامیاب بنانا ہے۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے بھی اعتراف کیا کہ اس کا کام سی پیک کو سبوتاژ کرنا تھا۔ دشمن پاکستان کو مذہبی جنونیوں کے ملک کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ ختم نبوتؐ ہر مسلمان کا مسئلہ ہے کسی تحریک یا مولوی کا نہیں ‘ سیاسی اور مذہبی جماعتیں سیاسی حرارت کو بے قابو نہ ہونے دیں۔ دشمن انتخابات کی فضاء میں تشدد شامل کرنے کی کوشش کرے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا سیاسی جماعتیں اپنا منشور بتائیں دوسروں کی پگڑیاں نہ اچھالیں۔ بیانات اور تقاریر میں ایک دوسرے کے خلاف نفرت سے گریز کریں۔ پاکستان کو جنونی سیاست اور جنونی ریاست کی سازش سے بچانا ہے۔ سوشل میڈیا پر خبریں پھیلانے کا مقصد پاک چین تعلقات کو سبوتاژ کرنا ہے۔ قراقرم ہائی وے پر چینی انجینئرز اور ورکرز نے اپنی جانیں قربان کیں۔ دھرنے پاکستان کی ترقی اور پاکستان کے عالمی تشخص کے خلاف ہیں۔