کرم ایجنسی میں ریلی پاکستان‘ پاک آرمی زندہ باد کے نعرے
پارا چنار(صبا ح نیوز)کرم ایجنسی میں قبائلی عمائدین کی جانب سے پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں پاکستان زندہ اور پاک آرمی زندہ باد کے شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔تفصیلات کے مطابق ریلی میں اپراورلوئرسینٹرل کرم کے قبائلی عمائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بھرپور طریقے سے پاکستان کے ساتھ محبت کا اظہار کیا، اس موقع پر پورا علاقہ پاکستان زندہ باد اور پاک آرمی زندہ باد کے نعروں کی گونج اٹھا۔ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی عمائدین سید محمود جان میاں، ملک سلیم خان، حاجی رئوف حسین،ملک نیاز بادشاہ، مولانا اکبر حسین سمیت کئی مقررین نے کہا کرم ایجنسی میں بدا منی اور فسادات کے بعد پاک فوج کے تعاون سے امن قائم کرلیا ہے اور علاقے میں ترقی کا سفر جاری ہے ، کسی بھی غیر ملکی ایجنٹ کو کرم ایجنسی میں بھائی چارے اور امن کی فضا خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔مقررین نے اس موقع پر پولیٹکل انتظامیہ کو خبر دار کیا کہ منظور پشتین اور اس کے کسی بھی ساتھی کو اگر کرم ایجنسی میں داخلے کی اجازت دی گئی تو اس کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔