پرائیویٹ اور پیف سکولز مالکان کا حکومت کیخلاف احتجاج‘ روڈ بلاک
درکھانہ ( نامہ نگار) حکومت پنجاب کی طرف سے پرائیویٹ سکولز اور پیف سکولز پر عائد کی جانے والی ظالمانہ پالیسیوں ، ناروا رویوں ، ناجائز پابندیوں اور تعلیم کش اقدامات کے خلاف پنجاب پرائیویٹ سکولزاینڈ پیف سکولز ایکشن کمیٹی کے سکول مالکان نے ملتان جھنگ روڈ بلاک کر کے بھر پور احتجاج کیا اور سردار امتیاز خان ، محمد اسلم، رائو قاسم ، ملک نذیر احمد ، رائو جمشید ، عیسیٰ خان اوردیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ1984 ایکٹ کی ترمیم 2015 کے ظالمانہ قوانین کا خاتمہ کیا جائے۔ اور انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا پیف پیمنٹ بروقت دی جائے اور لیٹ پیمنٹ پر بھر پور احتجاج کیا جائے گا ، پرائیویٹ سکولز کی رجسٹریشن پر بے شمار ناجائز شرائط عائد کی گئی ہیں جو کہ مہنگی فیسوں والوں کے علاوہ کم فیس اور پیف سکولز اور دیہی سکولز پوری نہیں کر سکتے ان شرائط کا خاتمہ کیا جائے اور انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر پرائیویٹ سکولز رجسٹریشن کمیٹی اور تعلیمی بورڈز کے بورڈ آف گورنرز میں پرائیویٹ سکولز نمائندگان کو پہلے کی طرح بحال کیا جائے ، گورنمنٹ سکولز کے بچوں کو دی جانے والی مراعات خدمت کارڈ ، بورڈ داخلہ فیس ، وظائف ، سولر لیمپ ، لیپ ٹاپ اور بائیسکل وغیرہ میں پرائیویٹ سکولز کو بھی شامل کیا جائے، تعلیمی ایمر جنسی میں تعلیم کے فروغ اور بڑھو پنجاب پڑھو پنجاب کے مقاصد کے حصول کے لیے پرائیویٹ سکولز سے سوتیلوں جیسا سلوک بند کیا جائے اور تعلیم کش پالیسیاں بند کی جائیں ، انہوں نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک پنجاب بھر میں احتجاج جاری رہے گا۔