پسند کی شادی: لڑکے کے والد کو کھمبے سے باندھ کر بہیمانہ تشدد‘ گندہ پانی پلایا
بورے والا(نامہ نگار)بورے والا کے نواحی گائوں 146ای بی میں پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کے بوڑھے والد سے لڑکی کے خاندان والوں کا انتہائی شرمناک سلوک،60سالہ بوڑھے والد کی داڑھی مونچھیں اور بھنویں مونڈ کر بہیمانہ تشدد کے بعد گلے میں پٹہ ڈال کر گاؤں کے چوک میں بجلی کے پول سے باندھنے کے بعد منہ میں نالی کا پانی ڈال کر منہ پر غلیظ کیچڑ ملتے رہے،تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں چک نمبر146ای بی کے محمد اکرم آرائیں کے بیٹے محمد وسیم نے کچھ عرصہ قبل اْسی گائوں کے خادم حسین گجر کی بیٹی سے پسند کی شادی کی تھی جس کا لڑکی کے گھر والوں کو شدید رنج تھا گائوں میں ہونے والی پنچایت کے ذریعہ لڑکی کو واپس کر دیا گیا اور بوڑھے باپ نے اپنے بیٹے کو عاق بھی کر دیا تھا اس کے باوجود ورثاء کے انتقام کی آگ ٹھنڈی نہ ہوئی گذشتہ روز ملزمان سبحانی گجر،نعیم،جمال اور بلا سبحانی وغیر وسیم کے بوڑھے والد محمد اکرم آرائیں کو گھر سے نکلتے ہی قابو کر کے اس کی داڑھی مونچھیں اور بھنویں مونڈ کر تشدد کرتے ہوئے چوک میں لے آئے جہاں پول سے باندھ کر دوران تشدد اْس کے منہ میں نالی کا گندہ پانی ڈالتے ہوئے کیچڑ بھی اس کے منہ پر ملتے رہے بوڑھا شخص گڑ گڑا کر جان بخشی کے واسطے دیتا رہا مگر کسی نے ایک نہ سنی بلکہ گائوں والے بھی بااثر ملزمان کے خوف سے اُس کی مدد کو نہ آئے مضروب کو شدید زخمی حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بورے والا داخل کروا دیا گیا ذرائع کے مطابق وسیم نے دسمبر2017کو پسند کی شادی کی تھی اور جنوری 2018میں معززین علاقہ کے کہنے پر طلاق دیدی تھی اور لڑکی والدین کے حوالے کر دی گئی تھی باپ نے اس اقدام پر اپنے بیٹے وسیم کو عاق کر کے لاتعلقی کا اعلان کر دیا تھا اس کے باوجود بااثر چوہدری اُسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے تھے۔