الیکشن 2018ء میں پی پی حیران کن نتائج دیگی‘ بڑے بڑے برج گرینگے: بلاول بھٹو
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تین روزہ دورے پر ملتان پہنچ گئے جبکہ آصف علی زرداری آج ملتان پہنچیں گے بلاول بھٹو زرداری کے ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی ‘ سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین‘ ودیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا جبکہ مخدوم احمد محمود کی بیرون ملک موجودگی کے باعث ان کے بیٹے ایم پی اے مخدوم مرتضیٰ محمود بھی خصوصی طیارے کے ذریعے ائیر پورٹ پہنچے اور بلاول بھٹو کے استقبال میں شریک ہوئے بلاول بھٹو کو انتہائی سخت سکیورٹی حصار میں ائیرپورٹ سے گیلانی ہاؤس لایا گیا جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے دیئے گئے ظہرانہ میں شرکت کی گیلانی ہاؤس کو چاروں طرف سے سکیورٹی اہلکاروں نے گھیرا ہوا تھا جبکہ بلاول بھٹو کا ذاتی سکیورٹی سٹاف بھی گیلانی ہاؤس میں موجود تھا اور انہوں نے مکمل کنٹرول سنبھالا ہوا تھا گیلانی ہاؤس میں صرف مخصوص لوگوں کو داخل ہونے دیا گیا اور گاڑیوں کی بھی سخت چیکنگ کی گئی ظہرانہ میں سابق وفاقی وزیر سید حامد سعید کاظمی ‘ سابق گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ‘ سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف‘ میاں ساجد پرویز‘ خواجہ رضوان عالم‘ نتاشہ دولتانہ‘ شوکت بسرا‘ عبدالقادر شاہین‘ بیرسٹر حیدر زمان قریشی بھی موجود تھے بلاول بھٹو نے مختلف رہنماؤں سے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ سید یوسف رضا گیلانی نے بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کیا گیلانی ہاؤس میں لنچ کے بعد بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سابق جج حبیب اﷲ شاکر کی رہائش گاہ گلگشت کالونی میں پہنچے اور ان کی عیادت کرتے ہوئے کہا کہ حبیب اﷲ شاکر جیسے کارکن ہمارا سرمایہ ہیں ان کی مکمل صحت یابی کے لئے دعاگو ہوں بعد ازاں بلاول بھٹو بلاول ہاؤس بہادر پور پہنچے جہاں انہوں نے بلاول ہاؤس کا معائنہ کیا اور کچھ دیر آرام کے بعد قادرپورراں گئے جہاں سابق ایم پی اے ملک ارشد راں‘ ملک حسن راں‘ ملک عباس راں کی جانب سے ممبر سازی کیمپ میں شرکت کی البتہ رات کو بلاول بھٹو نے چوک کوٹلہ تولے خان میں سابق ایم پی اے عثمان بھٹی کے زیر اہتمام ممبر سازی مہم کا باضابطہ افتتاح کیا اور عوام سے خطاب کیا دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری کا گیلانی ہاؤس پہنچنے پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں راؤ ساجد علی‘ ملک کامران عبد اﷲ مڑل‘ ملک رضوان مہے‘ آصف رسول اعوان‘ اے ڈی بلوچ‘ چوہدری یٰسین‘ رئیس قریشی‘ میاں ارشد مڑل ودیگر نے استقبال کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن 2018ء میں پیپلز پارٹی حیران کن نتائج دینے کیلئے تیار ہے 2018ء کے الیکشن میں بڑے بڑے برج گرینگے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جنوبی پنجاب صوبہ کی بات کی۔ جنوبی پنجاب کو تخت لاہور سے نجات دلائینگے۔