ایف بی آر نے ایمنسٹی سکیم سے متعلق آرڈی نینس وزارت خزانہ کو بھجوا دیا
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) ایف بی آر نے کالا دھن سفید کرنے کے لیے ایمنسٹی سکیم پر مبنی آرڈی نینس وزارت خزانہ کو بھیج دیا ۔ آرڈی نینس کے اجراء کے لیے قانونی تقاضے پورے کئے جارہے ہیں جس کے بعد اسے جاری کرایا جائے گا۔ آرڈی نینس کا اجراء آج رات 12 بجے تک ضروری ہے کیونکہ پیر سے سینٹ اور منگل سے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہورہا ہے۔ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے گزشتہ روز لاہور میں پارٹی اجلاس میں بھی شرکت کی تھی جہاں انہوں نے شرکاء کو سکیم کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بتایا۔ مشاورت مکمل کرکے ایف بی آر نے گزشتہ روز ایف اے ٹی اے فورس کے تقاضوں اور دیگر قانونی لوازمات کو سامنے رکھتے ہوئے آرڈی نینس تیار کرکے وزارت خزانہ کو ارسال کر دیا۔ واضح رہے کہ فنانیشنل ایکشن ٹاسک فورس نے وزارت خزانہ کو خط لکھ کر ایمنسٹی سکیم کے بارے میں اعتراضات اٹھائے ہیں۔