پاکستان بنانے والوں کے وارث ملک بچانے کیلئے کمربستہ ہو گئے: آصف اشرف جلالی
لاہور (سپیشل رپورٹر) تحریک لبیک یارسول اللہ کے زیراہتمام اسلامی نظام کا راستہ ہموار کرنے اور الیکشن 2018 ء کی تیاریوں کے سلسلہ میں مینار پاکستان میں نظام مصطفیؐ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں سے سینکڑوں قافلوں نے شرکت کی۔ کانفرنس اللہ اکبر، لبیک یا رسول اللہ، تاجدار ختم نبوت زندہ باد، چھایا چھایا دین چھایا کے نعروں سے گونجتی رہی۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا تحریک لبیک یا رسول اللہ قوم کے اجتماعی رخ کو مدینہ منورہ کی طرف موڑنا چاہتی ہے۔ آج پاکستان بنانے والوں کے وارث پاکستان بچانے کے لئے کمربستہ ہو گئے ہیں۔ 2018 ء کے الیکشن میں ہر طرف، چھایا چھایا دین چھایا کے نعرے گونجیں گے۔ سامراج سے ٹکرانے کا سبق ہم نے مولانا شاہ احمد نورانی سے سیکھا ہے۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کی سیاسی جماعت کی حیثیت سے رجسٹریشن بالکل آخری مرحلہ میں ہے۔ ان شاء اللہ عام انتخابات کے نتیجے میں یہی جماعت پارلیمنٹ میں موثر نمائندگی کرے گی۔ حکو مت 3 نومبر 2017 ء کو ہونے والے معاہدہ پر عملدرآمد کراتے ہوئے حلف نامہ ختم نبوت میں تبدیلی کے ذمہ داروں کو بے نقاب کر کے سزا دے۔ قادیانیوں کی شرانگیزیوں کو روکنے کے لئے قومی کونسل برائے ختم نبوت کا نوٹیفیکیشن جاری کرے۔ فیض آباد دھرنے میں شہید ہونے والوں اور زخمیوں کو انصاف دلائے، قادیانیت اسلام دشمن قوتوں کا پھیلایا ہوا ایک فتنہ ہے جس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ کشمیر، فلسطین، برما اور شام پر اسلامی کانفرنس بلائی جائے اور قتل و غارت کو روکنے کے لئے عملی طور اقدامات کئے جائیں۔ نظام مصطفیؐ وہ نظام رحمت ہے جس میں قوم کو امن و سکون مل سکتا ہے۔ نظام مصطفیؐ امور سلطنت کو احسن طریقے سے چلانے کا نظام ہے۔ ستر سال سے یہ ملک نظام مصطفیؐ کے لئے تڑپ رہا ہے۔ مچھلی کے لئے اتنا پانی ضروری نہیں جتنا ملک کے لئے نظام مصطفیؐ ضروری ہے۔ اپنے نظریئے کے لحاظ سے پاکستان کا مزاج یورپ اور امریکہ کے نظام سے نہیں ملتا اس کے مزاج اور طبیعت میں نظام مصطفیؐ کی تڑپ کو رکھ دیا گیا ہے۔ پیر سید حامد سعید کاظمی نے کہا تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت ہم سب کا مشترکہ کاز ہے اس میں کامیابی کے لئے اتحاد اہل سنت ناگزیر ہے، نظام مصطفیؐ کانفرنس اس سلسلہ میں بہترین پیش رفت ہے۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ انجینئر محمدثروت اعجاز قادری نے کہا ہم سر پہ کفن باندھ کر ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کریں گے۔ میاں ولید احمد شرقپوری نے کہا پاکستان سے کرپشن، لوٹ مار، بدامنی اور ظلم کا خاتمہ صرف اور صرف نظام مصطفیؐ سے ہی ہو سکتا ہے۔ اسی نظام کی خاطر ہمارے اکابر نے قربانیاں دیں ہم بھی ان کے مشن پر کاربند ہیں۔ پیر سید نوید الحسن شاہ مشہدی نے کہا پاکستان کی بقا کا راز فکر صوفیا میں مضمر ہے عشق رسول اللہؐ کا پرچم لہرانا ہمارا کربلائی مشن ہے جس سے ہم کبھی بھی پیچھے نہیں رہ سکتے۔ مولانا محمد عابد جلالی نے کہا غلبہ دین ایک بہت بڑا فریضہ ہے جس کے لئے ہمیںہمہ وقت تیار رہنا ہو گا۔ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی نے کہا 295c میں کسی طرح کی تبدیلی برداشت نہیں کریں گے۔ حضرت پیر سید خرم ریاض شاہ نے کہا نواز شریف ٹولہ اپنی ذلت کو جلد پہنچ جائے گا۔