اسکول فیسوں میں نظرثانی کیلئے متنازعہ کمیٹی قبول نہیں:متحدہ رابطہ کمیٹی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے صوبائی محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے نجی اسکولوں کے قواعد و ضوابط اور فیسوں کے معاملے پر نظرثانی کیلئے متنازع کمیٹی کے قیام کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ متنازع کمیٹی کو فی الفور تحلیل کیاجائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بھاری فیسوں والے اسکولوں کے نمائندوں اور معاملے سے تعلق نہ رکھنے والے افراد کو کمیٹی میں شامل کرنا کھلی بدیانتی ہے اور سندھ میں پرائیوٹ اسکولوں کے نظام کو تباہ کرنے کے مترادف ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پرائیویٹ اسکولز مانی مانیاں کررہے ہیں اور فیسوں اور کرائے کی مد میں شہریوں کو لوٹ رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔