لیاری میں تعلیمی ترقی دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی ( وقائع نگار) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لیاری میں قائم ڈی سی ٹی او انگلش میڈیم ہائی اسکول کا دورہ کیا۔ سیکرٹری ایجوکیشن اقبال درانی ، ایم ڈی سندھ ایجوکیشن فاﺅنڈیشن ناہید درانی اور اسکول کے ایڈمنسٹریٹر نذیرتنیو نے وزیر اعلیٰ سندھ کی اسکول آمد پر ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے بچوں سے انگلش میں سوالات کیے اور انگلش میں جوابات سن کر بہت لطف اندوز ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسکول آڈِیٹورِیَم میں طلباء، اساتذہ اور اسکول انتظامیہ سے خطاب کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ لیاری میں بچوں کو اچھی تعلیم ملتے دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اسکول پبلک۔ پرائیویٹ پارٹنرشپ میں اچھے تعلیم کی ایک بہترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے لیاری کا امن پھر سے بحال کیا اور اب یہاں کی تعلیم کو بہتر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اسکول میں 600 بچے تعلیم سے فیض یاب ہورہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے سیکرٹری ایجوکیشن اقبال درانی کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک اور اسکول کرن فاو¿نڈیشن کوتفویض کریں تاکہ مزید بچوں کا داخلہ ہوسکے اور تعلیم کا معیار بہتر ہو۔