حکومت نے قرضوں میں 35فیصد اضافہ کردیا، نظریات کی جنگ لڑ رہے ہیں، بلاول : ایکشن پلان پر ابھی تک عمل نہیں کیا گیا ، خورشیدشاہ
لچیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوازحکومت نے قرضوں میں 35فیصد اضافہ کیا ہے‘ پچھلے 67 برسوں میں 13کھرب کا قرضہ لیا گیا‘ چھوٹے ترقیاتی منصوبوں کو دکھانے کے لئے اربوں روپے کی مہم شروع کی گئی۔ کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا نوازحکومت نے قرضوں میں 35فیصد اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہم اقتدار نہیں نظریات کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پنجاب میں پی پی کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ن لیگ نے ہمارے رہنماﺅں اور کارکنان پر حملے شروع کر دیئے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ نے کہا حکومت صرف باتیں کرتی ہے عمل نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا نیشنل ایکشن پلان پر ابھی تک عمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے دہشت گردی پروان چڑھ رہی ہے۔ لاہور دھماکوں کے بعد آپریشن ردالفساد شروع کیا گیا اور رینجرز کو اختیارات دیئے گئے۔ اگر پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جاتا تو یہ نوبت پیش نہ آتی۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ سندھ 72فیصد گیس دیتا ہے لیکن پھر بھی سندھ کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے۔ سندھ میں پانی کا قحط ہے اور ہمیں ہمارا حصہ نہیں دیا جارہا۔ کیا حکومت ہمیں بغاوت کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم امہ کے حالات ٹھیک نہیں ہیں اور سعودی عرب کو چاہیے وہ اختلاف ختم کرنے کیلئے آگے آئے۔