آسمانی بجلی گرنے سے نارووال میں 2 افراد، گجرات میں خاتون جاں بحق
نارووال +گجرات (نامہ نگاران) آسمانی بجلی گرنے سے نارووال میں 2 افراد، گجرات میں خاتون جاں بحق ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ بدوملہی کے علاقہ موضع شورکوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق، ایک شدید زخمی ہوا۔ تھانہ بدوملہی کے مطابق موضع شورکوٹ میں صبح کے وقت تین افراد کھیتوں میں چارہ کاٹ رہے تھے کہ اچانک آسمان پر بجلی چمکی اور ان تینوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا آسمانی بجلی اتنی خوفناک تھی کہ جہاں گری عینی شاہدین کے مطابق وہاں زمین بھی جل گئی اور دو افراد اٹھارہ سالہ وقاص جو نویں کلاس کا سٹوڈنٹ تھا اور مولوی فضل الرحمان جس کی عمر ستر سال بتائی جاتی ہے موقع پر جل کر ہلاک ہوگئے جبکہ وقاص کا والد ہارون شدید زخمی ہے جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جلی لاش جب گھر پہنچی تو وہاں کہرام مچ گیا۔ علاوہ ازیں گجرات میں چودھری شاہد وڑائچ موضع لکھنوال کی والدہ محترمہ کسی کام کےلئے محلے میں جا رہی تھی کہ زبردست کڑک سے آسمانی بجلی کی زد میں آ گئیں اور ان کا تمام جسم جھلس گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔