مشرف کا معاملہ ریمنڈ ڈیوس جیسا ہوگا، نوازشریف انکے احسان کا بدلہ اتارینگے: خورشید شاہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے شریف برادران کی سزائیں معاف کرکے نواز شریف پر احسان کیا تھا اب لگتا ہے نواز شریف بھی ان کا احسان چکائیں گے اور ان کی رائے میں پرویز مشرف کیس کا اختتام بھی ریمنڈ ڈیوس معاملے جیسا ہوگا۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی طالبان سے مذاکرات کامیاب دیکھنا چاہتی ہے تاہم طالبان نے فوج کو فریق بنایا ہے، حکومت کو چاہئے کہ وہ طالبان سے مذاکرات اور قیدیوں کی رہائی میں فوج کو اعتماد میں رکھے کیونکہ بداعتمادی سے جمہوری نظام کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی بار بار وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے ہدایات لیتی ہے اسے بااختیار کیا جانا چاہئے۔ خورشید شاہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت طالبان سے بلیک میل ہونے کے بجائے برابری کی بنیاد پر مذاکرات کرے، حکومت اب تک 39 طالبان قیدی چھوڑ چکی ہے تاہم مخالف فریق کسی کو رہا نہیں کررہا، سلمان تاثیر اور یوسف رضا گیلانی کے بیٹے رہا نہ ہوئے تو پیپلزپارٹی کہے گی یہ کیسے مذاکرات ہیں۔ انہوں نے کہا طالبان کو چھوڑنے کا فیصلہ حکومت کا ہے جب کہ امن زون کا مطالبہ ماننا خطرناک ہوگا۔ کل بلوچستان اور کراچی میں بھی پیس زون کی بات ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ہمیں بے شک اعتماد میں نہ لے لیکن اس سلسلے میں معلومات تو فراہم کرسکتی ہے۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ آصف زرداری نے جمہوریت بچانے کے لئے مل بیٹھنے کی پیش کش کی، چوہدری نثارعلی کو اس پیشکش کا خیر مقدم کرنا چاہئے تھا تاہم انہوں نے اس پیش کش کا خیر مقدم نہ کرکے اپنی سوچ واضح کردی کہ وہ نظام بگاڑنا چاہتے ہیں اور وہ میاں نواز شریف کو وزیر اعظم نہیں دیکھنا چاہتے۔ انہوں نے کہا ان کی جماعت خیبر پی کے میں تحریک انصاف کے فارورڈ بلاک کی حمایت نہیں کرے گی، عوام نے مینڈیٹ پارٹی کو دیا ہے اور فیصلوں کا اختیار بھی اسے ہی ہونا چاہئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ فارورڈ بلاک کے ہاتھوں بلیک میل نہ ہونے کا عمران خان کا مؤقف بالکل ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا چودھری نثار ان کے بھائی مگر ذہنی بیمار ہیں ان کے بیان کا کیا جواب دوں ، بیمار ذہن والے اپنے علاوہ کسی کو بہتر نہیں سمجھتے۔ ایک سوال پر خورشید شاہ نے کہا کہ امریکہ آج ڈرون حملے نہیں کررہا تاہم اسے جب بھی ٹارگٹ ملا تو وہ میزائل حملہ کردے گا۔