لڑکیاں سمگلنگ کیس: انصاف کے لئے آخری حد تک جائیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد( آن لائن ) لڑکیاں سمگلنگ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت صدیقی نے ملزمان کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر قانون پر برہمی کا اظہار کیا اور سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کیخلاف کارروائی کیوں نہیں ہورہی ہے آئین و قانون کے مطابق کارروائی کرنا ایف آئی اے کی ذمہ داری تھی تو ذمہ داری پوری نہیں ہوئی۔ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے آخری حد تک جائینگے۔ ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر لاء نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کے حکم پر ڈی جی ایف آئی اے نے نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کیخلاف فوری ایف آئی آر درج کرائی اور انکوائری کا حکم دیا ہے تاہم عدالت کو بتایا گیا کہ ایف آئی اے کو کیس کی تفتیش کے دوران گوجرانوالہ کے مقامی ایم پی اے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔