سپریم کورٹ: لاپتہ افراد فضل ربی اور فہد ملک کیس نمٹا دیئے
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے فضل ربی کیس لاپتہ افراد سے متعلق قائم کمیشن کو بھجواتے ہوئے مقدمہ نمٹا دیا ہے جبکہ مظفر آباد سے لاپتہ فہد ملک کیس نمٹا دیا گیا ہے۔ جسٹس ناصر الملک نے استفسار کیا کہ فضل ربی کب سے لاپتہ ہے۔ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل ڈپٹی اٹارنی جنرل عتیق شاہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ فرد 11 جون 2009ء سے لاپتہ ہے جبکہ گمشدگی ایف آئی آر 29نومبر 2011ء کو درج کی گئی۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے استفسار کیا کہ دو سال بعد ایف آئی آر کیوں درج کی گئی جبکہ عتیق شاہ نے حراستی مراکز کے انچارج کا بیان حلفی جمع کرایا جس کے مطابق مالاکنڈ، لکی مروت اور کوہاٹ کے حراستی مرکز سمیت پانچوں حراستی مراکز میں فضل ربی قید نہیں ہے۔ مظفرگڑھ سے لاپتہ افراد فہد ملک کیس میں عدالت نے قرار دیا کہ اگر درخواست گزار کو کوئی مشکلات پیش آتی ہیں تو وہ عدالت سے دوبارہ رجوع کر سکتا ہے۔