کراچی: خونریزی جاری، 5 افراد ہلاک، سہراب گوٹھ تھانے، چوکی پر بموں سے حملے
کراچی (این این آئی) شہر قائد میں بد امنی کا تسلسل جاری رہا۔ پیر کو فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ سہراب گوٹھ میں تھانے اور چوکی پر 3دستی بموں سے حملے کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق گلبہار تھانے کی حدود حسن کالونی ناظم آباد میں مسلح موٹر سائیکل سوار افراد نے بیکری پر فائرنگ کرکے بیکری کے مالک 50سالہ سید انور شاہ کو قتل کر دیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، دکانیں اور کاروبار بند ہوگیا۔ گلبرگ کے علاقے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب فائرنگ سے 25سالہ راحیل ہلاک ہوگیا۔ نارتھ کراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود سے 35سالہ نامعلوم شخص کی تشدد زدہ جھلسی ہوئی بوری بند نعش برآمد ہوئی تاہم شناخت نہ ہوسکی۔ پاکستان کوارٹر کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے 36سالہ رحمن، اورنگی ٹاؤن نمبر 10 فقیر کالونی میں عمران، بن قاسم پیپری گوشت مارکیٹ میں فائرنگ سے 16سالہ شکیل اور 50سالہ راشد زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب پولیس نے گارڈن میں جوئے کے اڈے پر چھاپے کے دوران 7 ملزمان دھر لئے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ایسٹ زون پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے دوران اشتہاری اور مفرور ملزمان سمیت 35ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ویسٹ زون پولیس نے چھاپوں کے دوران 24اور ساؤتھ زون پولیس نے 36ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ ادھر سہراب گوٹھ میں تھانے اور ایوب گوٹھ پولیس چوکی پر ایک گھنٹے کے دوران 3دستی بموں سے حملے کئے گئے جن سے علاقہ لرز اٹھا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری طرف ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے لیاری میں پہلی مرتبہ کھلی کچہری لگائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا لیاری کے چند گینگسٹر کی وجہ سے منفی تاثر دنیا بھر میں پھیلا لیکن پولیس اور رینجرز لیاری کے عوام کے تعاون کے یہاں امن بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کا اصل چہرا سٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈ کپ میں قومی ٹیم نے پیش کیا۔ اس موقع پر لیاری کے مکینوں نے آپریشن کے دوران لوگوں کو لاپتہ کئے جانے، بھتہ خوری، منشیات فروشی، جوئے کے اڈوں، پولیس اہلکاروں کے مختلف جرائم میں ملوث ہونے، پولیس کے بیٹ اور تھانہ کلچر کے حوالے سے زبانی شکایات درج کرائیں۔