سراج الحق کل حلف اٹھائینگے، ٹیم کے انتخاب کیلئے مشاورت شروع کردی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)نومنتخب امیر جماعت اسلامی سراج الحق کل (بدھ) شام جامع مسجد منصورہ میں سید منور حسن سے امارت کا حلف لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب میں جماعت کے مرکزی عہدیدار و سینئر رہنما شرکت کریں گے۔دریں اثنا نومنتخب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اگلی مدت کیلئے اپنی ٹیم کے انتخاب کیلئے مشاورت شروع کر دی۔ نومنتخب امیر تین مرکزی نائب امرائ، قیم (سیکرٹری جنرل) اورچار نائب قیم (ڈپٹی سیکرٹری جنرلز) نامزد کریں گے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ مرکزی نائب امیر بنانے کے حوالے سے مشاورت مکمل کر لی ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ رواں ماہ کے وسط میں مرکزی شوریٰ کے اجلاس سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ موجودہ نائب امرا پروفیسر خورشید احمد، چوہدری اسلم سلیمی، ڈاکٹر محمد کمال میںکسی ایک سے نائب امارت کی ذمہ داری واپس لی جائے گی جبکہ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ نائب امیر کے لئے لیاقت بلوچ کے علاوہ ایک اور نیا نام سامنے آسکتا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ نومنتخب امیر سراج الحق چاروں ڈپٹی سیکرٹری جنرلز ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، حافظ ساجد انور، سید وقاص جعفری اور پروفیسر نظام الدین میمن کے حوالے سے بھی فیصلہ ارکان مجلس شوریٰ کی مشاورت سے کریں گے۔