اسلامی تعلیمات کو پھیلانے کیلئے بھارتی غلامی سے نجات ضروری ہے : علی گیلانی
سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیری عوام سے کہا ہے کہ آنے والے بھارتی پارلیمنٹ کیلئے نام نہاد الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا اسلامی تعلیمات کو پھیلانے کیلئے بھارتی غلامی سے نجات ضروری ہے۔بانڈی پورہ میں تحریک حریت کے زیر اہتمام سیرت کانفرنس سے علی گیلانی نے ٹیلیفون کے ذریعے خطاب میں چنائو بائیکاٹ مہمسے لوگوں کو دور رہنے کی اپیل کی۔ سیرت پاک رسول کو قرآنِ مقدس کی عملی تفسیر قرار دیتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ اس لحاظ سے ہمارا یہ فرض بن جاتا ہے کہ ہم قرآن کو پڑھیں، سمجھیں، اسکے احکامات پر عمل کریں، اس کی تعلیمات کو پھیلائیں اور پھر اس کے لائے ہوئے دینِ اسلام کے غلبے اور اقامت کے لئے جدو جہد کریں۔ ان سب باتوں کو عملی شکل دینے کے لئے اس بات کی سخت ضرورت ہے کہ ہم بھارت کی جبری فوجی غلامی سے نجات حاصل کرنے کی جدوجہد کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے سرگرمی کے ساتھ جاری رکھیں اور موجودہ صورت حال میں اپنی مقدس امانت یعنی اپنے ووٹ کا بھارتی پارلیمنٹ کے انتخابات میں بھارت نواز پارٹیوں یا لوگوں کے حق میں کسی بھی صورت میں استعمال نہ کریں کیونکہ یہی لوگ ہمارے لاکھوں شہدا کے قاتل ہیں،ہماری ماوئوں ، بہنوں اور بیٹیوں کی لٹی عصمتوں کے ذمہ دار ہیں، سود، شراب، فحاشی، عریانی اور بے حیائی کو عام کرنے والے ہیں لہذا یہ لوگ ہمارے ووٹ کے حقدار نہیں۔