طالبان سے آئندہ ملاقات میں قیدیوں کی رہائی پر بات ہو گی: رستم شاہ مہمند
پشاور (آئی این پی) طالبان سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کے رکن رستم شاہ مہمند نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ آئندہ ملاقات میں قیدیوں کی رہائی پر بات ہو گی، طالبان قیادت سے پولیو ٹیموں پر حملے نہ کرنے کی یقین دہانی لینے کے ساتھ ساتھ مستقل جنگ بندی پر بات ہوگی۔ فریقین میں اعتماد بڑھا تو ہو سکتا ہے کہ مذاکرات کسی قریبی علاقے میں ہوں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رستم شاہ مہمند نے کہا کہ طالبان اور حکومت کے پاس ایک دوسرے کے قیدی موجود ہیں لیکن شاید فریقین کو قیدیوں کی صحیح تعداد کا علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن قیدیوں کے خلاف ثبوت نہیں انہیں مرحلہ وار رہا کرنے پر حکومت متفق ہو گئی تو آئندہ ملاقات میں طالبان قیادت سے قیدیوں کی رہائی، بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے سمیت طالبان سے مستقل جنگ بندی کے معاملات پر بات چیت کی جائے گی تا کہ سارے مسائل کا احاطہ ہو سکے۔