غربت سے تنگ ماں 4 بچے چائلڈ پروٹیکشن بیورو بھجوانے کیلئے عدالت پہنچ گئی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ میں ماں غربت اورفاقوں سے تنگ آ کر اپنے چار بچے چائیلڈ پروٹیکشن بیوروبھجوانے کیلئے عدالت پہنچ گئی ۔تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ راہوالی کی رہائشی سروری بی بی غربت اور فاقہ کشی سے تنگ آ کر اپنے چار بچوں بارہ سالہ نادر علی، آٹھ سالہ کاشف، سات سالہ نشاء اور چار سالہ ثناء کو لے کر سیشن کورٹ پہنچ گئی ، سروری بی بی کا شوہر بابر نشہ کا عادی ہے جس کے باعث اس نے اپنے شوہر سے تین سال قبل علیحدگی اختیار کر لی تھی، چار سال قبل اس کے ایک بیٹے کی آنکھ خراب ہوگئی جس کے آپریشن کیلئے اس نے ایک لاکھ نوے ہزار روپے قرض لیا ، خاتون کا کہنا ہے کہ اس کے گھر میں کمانے والا کوئی نہیں اور قرض اتارنے کیلئے ہر ماہ اسے سود بھی ادا کرنا پڑتا ہے ، اس کا شوہر نشے کی لت کو پورا کرنے کیلئے اس کے بچوں سے بھیک منگواتا ہے جس کے باعث وہ بچوں کو اپنے شوہر کے پاس نہیں بھیج سکتی، جس پر سیشن کورٹ کے سیکیورٹی انچارج میاں عبدالجبار نے بچوں کو چائیلڈ پروٹیکشن کی تحویل میں دینے کے لیے پولیس اسٹیشن سول لائن کے حوالے کر دیا ہے ۔