جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش 4 افراد ائرپورٹ سے گرفتار
لاہور (خبر نگار) ایف آئی اے نے 4 افراد کی جعلی دستاویزات پر سفر کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق یونان کے جعلی اقامتی اجازت نامے پر بی کے 795 پر بار سلونا (سپین) جانیوالے سیالکوٹ کے اشرف کو گرفتار کر لیا گیا۔ جعلی ویزا پر جنوبی افریقہ جانیوالے سمبڑیال کے نفیس کو بھی آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم نے بتایا کہ اس نے یہ ویزا غیر قانونی طور پر جنوبی افریقہ پہنچنے کے بعد وہاں عرصہ سے مقیم پاکستانی حیدر علی سے 5000 (جنوبی افریقی کرنسی) میں خریدا تھا۔ علاوہ ازیں قطر ائرلائنز سے آنیوالے نائیجریا کے اوموروگے کو جعلی پاکستانی ویزا پر سفر کرنے پر واپس بھیج دیا جبکہ دبئی جانیوالے ندیم اکرم کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہونے کی وجہ سے اسے آف لوڈ کر کے اس کا پاسپورٹ قبضہ میں لیکر اسلام آباد بھجوا دیا گیا۔