غیرمسلموں کی عبادت گاہوں پر حملے افسوسناک، سندھ حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہیں: طاہر محمود اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اندرون سندھ غیرمسلموں کے املاک اور عبادت گاہوں پر ہونے والے حملے انتہائی افسوسناک اور سندھ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، بعض قوتیں اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کے ساتھ ساتھ اس قسم کے اقدامات سے ملک میں رہنے والے غیر مسلموں کے اندر احساس محرومی اور نفرت پیدا کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں جن کو ناکام بنانا ملک کی تمام مذہبی اور سیاسی قوتوں کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان علماء کونسل نے 16 اپریل کو کراچی میں تمام مکاتب فکر اور تمام مذاہب کے نمائندوں کا اجلاس بلایا ہے جس میں اس صورتحال پر متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ اگر کوئی رسول اللہ ﷺ کی یا مقدسات کی توہین کرتا ہے تو اس کو بھی سزا ملنی چاہیے لیکن اگر کوئی غیر مسلموں کے ساتھ زیادتی کرتا ہے تو اسے بھی سزا ملنی چاہیے۔