کراچی کےعلاقے نارتھ ناظم آباد یو پی موڑ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پچیس سالہ عرفان کوموت کے گھاٹ اتاردیا، سرجانی ٹاؤن مراقبہ ہال کے قریب نالے سے ایک شخص کی لاش ملی ہے، گلشن حسن ہزارہ گوٹھ میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، سرجانی کے علاقے میں ہی گھریلو ناچاقی پر ایک شخص نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی نسیم کو ہلاک جبکہ بیٹی صائمہ کو زخمی کردیا۔عید گاہ کے ایم سی ورکشاپ کے قریب تین روز قبل فائرنگ سے زخمی ہونے والا کاشف دوران علاج دم توڑ گیا، کھارادر کے علاقے میں بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا ۔گلشن معمار میں جوہر موڑ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ ابراہیم ہلاک ہوا۔ دوسری جانب پولیس نے اورنگی ٹاؤن کے علاقے کٹی پہاڑی کے قریب ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران دس ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ ایس ایس پی ویسٹ آصف اعجاز شیخ کے مطابق ملزمان پولیس کو جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے جبکہ سندھ رینجرز کی جانب سے ملیر کے علاقے ماڈل کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا، آپریشن میں تین سوسے زائد رینجرز اہلکاروں نے حصہ لیا۔ اس دوران سترہ مشتبہ افراد کوحراست میں لے کران کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا،جبکہ الیاس گوٹھ میں آپریشن کے دوران چار مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا.
کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں سات افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، پولیس نے ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران دس ملزمان کو گرفتار کرلیا.
Apr 08, 2013 | 21:07