پارٹی ٹکٹ جاری کرتے وقت امیدواروں کی قربانیوں کو مدنظر رکھیں گے: نوازشریف
لاہور (خبرنگار+ نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ پارٹی ٹکٹ جاری کرتے وقت امیدواروں کی قربانیوں کو مدنظر رکھا جائے گا۔ پارٹی قیادت جن امیدواروں کا اعلان کرے، دوسرے امیدوار اس فیصلے کا احترام کریں۔ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں پاکپتن سے پارٹی کے دو سابق ارکان اسمبلی سلمان محسن گیلانی اور رانا زاہد حسین کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر اظہار تشویش کیا گیا۔ اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، سینیٹر پرویز رشید ، رانا ثناءاللہ اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ ساہیوال ڈویژن کے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا۔ محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بھرپور تیاری کیساتھ انتخابی میدان میں اتریں گے اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگنے جائیں گے‘عوام ووٹ کے ذریعے تبدیلی کا اٹل فیصلہ کر چکے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کھوکھلے نعروں پر یقین نہیں رکھتی، ہم نے ہمیشہ زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے نہ صرف پروگرام دیا بلکہ اس پر عمل بھی کر کے دکھایا۔