آج ایکٹر کو بڑا بنا دیا گیا ‘ ڈائریکٹر کی کوئی حیثیت ہی نہیں :مسعود اختر
لاہور( این این آئی)ٹی وی کے سینئر اداکار مسعود اختر نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے آج ایکٹر کو بڑا بنا دیا گیا ہے جبکہ ڈائریکٹر کی کوئی حیثیت ہی نہیں رہی‘ ڈائریکٹر کپتان کی حیثیت رکھتا ہے، میں اپنے سے جونیئر ہدایتکاروں کے ساتھ بھی کام کرتا ہوں اور وہ جس طرح کا کام چاہتے ہیں اس طرح کا ہی کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مجھے اللہ تعالیٰ نے اس شعبے میں جتنی عزت دی میں اسکا شکر ادا نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ریڈیو میں طویل عرصہ کام کیا، اسکے علاوہ اسٹیج پر بے پناہ کردار نبھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی پراجیکٹ میں ڈائریکٹر کپتان ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے یہاں بری روایت ڈال دی گئی ہے ۔