قرآن و حدیث پر عمل پیرا ہونے والے دنیا و آخرت میں فلاح پاتے ہیں: آمنہ ڈھلوں
مرید کے (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی مرکزی رہنما و نامزد امیدوار این اے 131 آمنہ ذوالفقار احمد ڈھلوں نے کہا ہے کہ اسلام میں عورت کو جو مقام ملا ہے کسی مذہب نے نہیں دیا۔ ایک عورت کی دینی تعلیم و تربیت پوری نسل کی دینی تعلیم و تربیت کے مترادف ہے۔ ایک اچھی ماہ ایک اچھی قوم کی بنیاد ہوتی ہے۔ دین سے قربت خدا کی قربت ہے۔ قرآن و حدیث پر عمل پیرا ہونے والے لوگ دنیا و آخرت میں فلاح پاتے ہیں۔ مجھے اسمبلی اور کار والے جھنڈے کی خواہش نہیں بلکہ عوامی خدمت کی دلی خواہش ہے جس کی تکمیل کے لئے الیکشن میں حصہ لے رہی ہوں۔ اس امر کا اظہار آمنہ ذوالفقار احمد ڈھلوں نے مرید میں درسگاہ جامعہ تہذیب البنات رحمانہ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات اور پیغام محمد کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت بیگم محمد اجمل نے کی۔ جبکہ تقریب سے رابعہ، سعیدہ مصطفی، سلمیٰ تبسم، عشرت یوسف، عشرت لیاقت سمیت جامعہ کی طالبات نے بھی خطاب کیا۔ آمنہ ذوالفقار ڈھلوں نے کہا کہ جب عورت اپنی اولاد کی اچھی تربیت کرے گی۔ تب نسل بھی اچھی پیدا ہو گی۔ نوجوان نسل کے بے راہ روی سے بچانے کے لئے دینی تربیت ازحد ضروری ہے۔ اس کے لئے دینی مدارس کا کردار بے حد اہم ہے۔ بیگم امجد نے صدارتی خطاب کے دوران کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں جن سے علم کی کرنیں پھوٹتی ہیں۔ پروگرام کے آخر میں آمنہ ذوالفقار ڈھلوں نے اول دوم سوم آنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔