اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + آئی این پی) آئین میں 18ویں ترمیم پر عملدرآمد کے لئے قائم پارلیمانی کمشن نے کھیل‘ ماحولیات اور امور خواتین کی وزارتیں اپریل کے وسط تک صوبوں کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمانی کمشن کے چیئرمین سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ جو معاملات کنکرنٹ لسٹ اور وفاقی قانون سازی لسٹ میں شامل نہیں انہیں صوبوں کے پاس ہی جانا ہو گا۔ پارلیمانی کمشن نے کھیل‘ ماحولیات اور امور خواتین کے وفاقی سیکرٹریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی وزارتوں کے ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنائیں‘ اپنی وزارتوں کے ملازمین سے رائے لی جائے کہ کون کون سے ملازمین صوبوں کے پاس جانا چاہتے ہیں اور کون وفاق میں رہنا چاہتے ہیں۔ ایچ سی سی بھی صوبوں کو منتقل ہو گی کیونکہ ہائر ایجوکیشن کمشن صوبوں کا معاملہ ہے‘ بعض لوگ ا س معاملہ پر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں‘ 18ویں ترمیم پر عملدرآمد کے لئے قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا۔ اس موقع پر سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمشن کا معاملہ غیر ضروری طور پر اچھالا جا رہا ہے۔ ایچ ای سی کے معاملے پر مخالفین سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملازمین کی رائے کو ہر صورت ترجیح دی جائے اور ملازمین کو نہیں نکالا جائے گا‘ پارلیمانی کمشن آئین کے مطابق کام کر رہا ہے اور اسی کے مطابق وزارتوں کی صوبوں کو منتقلی کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمشن کسی شخص یا ادارے کے خلاف نہیں ایچ ای سی کا مسئلہ فضول ہے یہ اپنا محدود کردار جاری رکھے گا‘ نئے آئینی ڈھانچے میں ہر اس شخص کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہیں جس کے تحفظات ہیں‘ ہم کوئی غیر آئینی کام نہیں کر رہے‘ صوبوں کو ان کی چیز دے کر اپنا آئینی تقاضا پورا کر رہے ہیں‘ فیڈرل لیجسلیٹو لسٹ میں جس چیز کا ذکر نہیں اس پر قانون سازی نہیں ہو سکتی‘ 18ویں ترمیم پر عملدرآمد میں رکاوٹ ڈالی گئی تو اس سے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ 30 جون 2011ءتک صوبوں کو وزارتوں کی منتقلی کا عمل پورا کیا جائے گا۔ صوبوں کو کسی حد تک صوبائی خودمختاری دی گئی ہے اور اس عمل کو پورا کرنا وفاق کی سالمیت کے لئے نہایت ضروری ہے۔ اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی کے نتائج ملک کے لئے سودمند نہیں ہوں گے۔ ریاستی ڈھانچے میں تبدیلی آ رہی ہے جب بڑے پیمانے پر تبدیلی ہوتی ہے تو مشکلات بھی پیش آتی ہیں اور کچھ وہ لوگ سرگرم ہوتے ہیں جن کے مفادات کو نقصان ہوتا ہے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38