اٹک: باپ بیٹے سمیت 3 افراد کے قاتل کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا
اٹک (آئی این پی ) باپ بیٹے سمیت تینوں لوگوں کے قاتل انور عرف انوری کو ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ جیل اٹک کے بیان کے مطابق قیدی سزائے موت انور عرف انوری ولد صدیق نے مورخہ05.08.2007 کو سابقہ دشمنی ، اغواء و مقدمہ قتل کی وجہ سے صفدر ولد تمبر خان کے گھر داخل ہو کر اس کے والد تمبر خان ، بھائی عقیل اور امیراسلم بادشاہ سکنہ طور والی تھانہ انجراء تحصیل جنڈ ضلع اٹک پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے تینوں اشخاص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاںبحق ہوگئے۔ جس پر مذکورہ قیدی کے خلاف تھانہ انجرا میں مقدمہ نمبر62مورخہ 05.08.2007 بجرم302/34 ت پ تھانہ انجراء اٹک کا اندراج ہوا اور مورخہ22.10.2007کو مقدمہ ہذا میں جوڈیشل ہو کر داخل ڈسٹرکٹ جیل اٹک ہوا۔ مذکورہ قیدی مورخہ29.10.2008کو بعدالت رفیق ایڈیشنل سیشن جج اٹک سے تین بار سزائے موت جرمانہ 03 لاکھ روپے یا 06 ماہ قید سخت کا سزایا دی تھی ،مورخہ19.01.2011 کومذکورہ قیدی کی اپیل عدالت عالیہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ راولپنڈی سے خارج ہوئی۔ مورخہ02.12.2016 کو مذکورہ قیدی کی اپیل عدالت عظمی سے خارج ہوئی جس میں مذکورہ قیدی کو تمبرخان کے قتل پر دی گئی سزائے موت کو بحال رکھا گیا جب کہ عقیل اور امیر اسلم بادشاہ کے قتل پر دی گئی سزائے موت ، عمر قید میں تبدیل ہوئی۔ مورخہ12.07.2017 کو مذکورہ قیدی کی رحم کی اپیل صدر پاکستان سے خارج ہوئی۔مورخہ 06.08.2018کومذکورہ قیدی کی نظرثانی کی اپیل عدالت عظمی سے خارج ہوئی مذکورہ قیدی سزائے موت کی تمام اپیلیں اور رحم کی اپیل خارج ہونے پر بعدالت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صاحب اٹک نے قیدی سزائے موت کی پھانسی کی تاریخ مورخہ06.09.2018 ڈسٹرکٹ جیل اٹک پرمقرر کی تھی جس پر مذکورہ قیدی کو کل صبح 05-30بجے جناب راجہ احتشام مقرب جوڈیشل مجسٹریٹ اٹک کی موجودگی میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔