مکرمی ! وفاقی حکومت نے چند روز قبل بجلی کی قیمتوں میں 1.04 روپے فی یونٹ اضافہ کیا اور اب سوئی گیس کی قیمت میں 13.35 فیصد اضافہ کر دیا ہے اس کے علاوہ سی این جی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی خاصہ اضافہ کیا گیا۔ موجودہ مالی سال کے بجٹ کے اعلان کے بعد سوئی گیس اور پٹرولیم مصنوعات و بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے گھریلو صارفین کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جو پہلے ہی مہنگائی کی چک میں پس رہے ہیں اور کوئی ان کا پُرسان حال نہیں ہے۔ غریب عوام کے چولہے سرد ہوتے جا رہے ہیں۔ پھل، سبزیاں، دالیں، گھی، آٹا، چھوٹا بڑا گوش اور چکن غریب عوام کی پہنچ سے دور کر دئیے گئے ہیں۔ مہنگائی کے اس طوفان نے ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ اس وقت غریب عوام جسم و جاں کا رشتہ برقرار رکھنے کے ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کو غریب عوام کی تکلیف کا احساس نہیں ہو رہا جبکہ عوامی خدمت کی دعویدار جماعتیں اپنے مخصوص مفادات کی وجہ سے ایسی صورت حال میں پُراسرار طور پر خاموش ہیں۔ عوام کی بدقسمتی ہے کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد ان کے منتخب نمائندے انہیں فراموش کر دیتے ہیں۔ سیاسی قائدین قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ایک مذمتی بیان جاری کر کے راہ فرار اختیار کر لیتے ہیں۔ کاش یہ سیاسی قائدین غریب عوام کی تکلیفوں کا احساس کریں اور صحیح معنوں میں ان کے حق میں ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کریں۔ اللہ تعالیٰ سیاسی قائدین کو درست فیصلہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ وہ اپنا حق نمائندگی بہتر طور پر ادا کر سکیں۔ (عبدالحق ۔ 310 کریم بلاک علامہ اقبال ٹا¶ن لاہور)
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024