اپوزیشن ذاتی مفادات کی سیاست کی آڑ میں ملکی مفادات سے کھیل رہی ہے:عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن ذاتی مفادات کی سیاست کی آڑ میں ملکی مفادات سے کھیل رہی ہے۔ منفی سیاست کے ذریعے انتشار پھیلانے والے عناصر ملک کی ترقی نہیں چاہتے۔ ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والے 22 کروڑ عوام سے دشمنی کر رہے ہیں۔اپوزیشن ملک کو پسماندگی، بیروزگاری اور اندھیروں کی جانب دوبارہ دھکیلنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ واویلا مچانے والوں کا حال کی طرح مستقبل بھی تاریک ہے۔ عوام کی حمایت سے ترقی کے سفر کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ سابق دور میں روز نیا سکینڈل سامنے آتا تھا۔سابق حکمرانوں کے دور میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی شفاف ترین حکومت ہے۔تحریک انصاف کی حکومت کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں۔دو برس کے دوران ایک بھی سکینڈل کا سامنے نہ آنا حکومت کا کریڈٹ ہے۔دو سال کے دوران ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور عوام کی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کی منزل کی جانب گامزن ہو چکا ہے۔