اسلام آباد: سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے الزام عائد کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان مذہب کو بیچ رہے ہیں اور مذہب کو سیاست میں استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم نے اپنے دھرنے میں مذہب کو استعمال نہیں کیا تھا۔
ہم نیوز کے مطابق سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے ہمراہ سپریم کورٹ آف پاکستان پہنچنے پر وہ ذرائع ابلاغ سے غیر رسمی بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر قاسم سوری بھی موجود تھے۔
سینیٹر شبلی فراز نے دعویٰ کیا کہ امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے ناموس رسالتﷺ کے نام پر چندہ اکٹھا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مدرسہ اصلاحات (ریفارمز) نہیں کرانا چاہتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ناموس رسالتﷺ پر وزیراعظم عمران خان نے جو مؤقف اختیار کیا وہ دس مولانا بھی نہیں کر سکتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمیں نظام میں موجود غلطیوں کا ازالہ کرنا چاہیے۔
سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے زور دے کرکہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نادرا کو موجود تیکنیکی خامیاں دور کرنی چاہئیں۔
جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کررکھا ہے جس میں شمولیت کے لیے وہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔