سرگودھا: انور عزیز اور دیگر سے اڑھائی ارب کی 2400 کنال اراضی واگزار
سرگودھا(نامہ نگار)سرکاری زمین 2400کنال واقع چک نمبر170/172سلانوالی مالیتی اڑھائی ارب روپے اینٹی کرپشن نے انور عزیز وغیرہ سے واگزار کروا لی۔ عاصم رضا ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کوباوثوق ذرائع سے معلوم ہوا تھا کہ سرکاری رقبہ تقریباً2400کنال واقع170/172سلانوالی میںانور عزیز نے1960میں محکمہ لائیو سٹاک سے لیز پر لی تھی جس کی مدت 2000ء میں ختم ہو گئی تھی اب وہ 18سال سے اس سرکاری زمین پر قابض ہے۔ جس پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے انکوائری نمبر206/2018 کا حکم دیتے عروج الحسن ڈپٹی ڈائریکٹر(تفتیش) اسرار حسین کاظم اسسٹنٹ ڈائریکٹر(مانیٹرنگ) اینٹی کرپشن سرگودھا کو انکوائری آفیسر مقرر کیا۔ دوران انکوائری ریکارڈ کی مکمل چھان بین کی گئی۔معلوم ہوا کہ سرکاری رقبہ تقریبا2400کنال واقع170/172سلانوالی پر انور عزیز وغیرہ نے محکمہ مال کی ملی بھگت سے قابض ہیں۔ جس پراینٹی کرپشن کی ٹیم عروج الحسن ڈپٹی ڈائریکٹر(تفتیش)اینٹی کرپشن کی سربراہی میںاسرار حسین کاظم اسسٹنٹ ڈائریکٹر(مانیٹرنگ) ناصر وڑائچ، اسسٹنٹ کمشنر سلانوالی رفاقت باجوہ ،تحصیلداراور لوکل پولیس کے ہمراہ سرکاری رقبہ واگزار کروا لیا۔ موقع پر واقع ڈیرہ کو مسمار کردیا گیا ہے اورخالی زمینوں پر ہل چلا دئیے گئے۔ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب حسین اصغر اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عاصم رضا کے ویژن کے مطابق ایسی کارروائیاں جاری تھیں۔