تقریب میں شرکت کیلئے نہایت بےقرار ہوں،نوجوت سنگھ سدھوکا سینیٹر فیصل جاوید سے ٹیلیفونک رابطہ
ممتاز بھارتی سیاسی و سماجی رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے کرتار پور میں دنیا کے سب سے بڑے گردوارے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا اعلان کردیا ۔ نوجوت سنگھ سدھو نے سینیٹر فیصل جاوید سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور9نومبر کو کرتار پور میں دنیا کے سب سے بڑے گردوارے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا اعلان کیا۔ نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ دربار صاحب کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے نہایت بے قرار ہوں، میں ہی نہیں دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں سکھ اپنی مقدس دھرتی کی زیارت کیلئے بے تاب ہیں۔نوجوت سنگھ سدھو نے بابا گرونانک جی کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر دربار صاحب کے افتتاح کو تاریخی موقع دیتے ہوئے حکومت پاکستان خصوصا وزیراعظم عمران خان کے شکریہ بھی ادا کیا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے سدھو سے کہا کہ پوری دنیا کے سکھوں کو دربار صاحب کا افتتاح مبارک ہو،ہم نوجوت سنگھ سدھو سمیت دنیا بھر سے تشریف لانے والے سکھ بھائیوں کے خیر مقدم اور میزبانی کیلئے تیار ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان ہفتے کو کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے جس کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،جس کا مقصد بھارت سے آنے والے سکھوں کو پاکستان کے ضلع نارروال میں واقع کرتارپورہ میں گوردوارہ ڈیرہ صاحب تک رسائی فراہم کرنا ہے۔اس راہداری کو بابا گورو نانک دیو جی کی پانچ سو پچاسویں یوم پیدائش کی تقریبات کے موقع پر کھلا جارہا ہے جو منگل سے شروع ہورہی ہے۔