مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش، پاکستان، بھارت کشیدگی امن کیلئے خطرہ ہے: امریکی رکن کانگرس
واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکی رکن کانگریس نے شان کیسٹن نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان بھارت کشیدگی‘ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین کشمیر یکجہتی کونسل جاوید راٹھور‘ ڈاکٹر مرتضیٰ‘ ڈاکٹر منال پنڈت‘ راجہ یعقوب‘ یاسین چوہان اور علی بختیاری نے امریکی رکن کانگریس شان کیسٹن سے ملاقات کی۔ کشمیری رہنمائوں نے امریکی رکن کانگریس کو مقبوضہ وادی کی صورتحال سے آگاہ کیا اور کانگریس میں مسئلہ کشمیر پر آواز اٹھانے کی درخواست کی۔ کشمیری رہنمائوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے نمائندے بھیجے جائیں۔ اس موقع پر امریکی رکن کانگریس شان کیسٹن نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو بنیادی سہولیات سے محروم کرنا جمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔ امریکی رکن کانگریس نے مزید کہا پاکستان بھارت کشیدگی خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔