یمن معاہدہ اچھی شروعات، ٹرمپ: جنگ کے خاتمے کی جانب قدم ہے، سعودی ولی عہد
ریاض(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یمن میں آئینی حکومت اور عدن کی عبوری کونسل کے درمیان سعودی عرب کی میزبانی میں معاہدہ یمنی بحران کے حل کے لیے اچھی شروعات ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹرپر اپنی متعدد ٹویٹس میں صدر ٹرمپ نے الریاض میں طے پائے یمنی معاہدے اوراس کی کامیابی میں سعودی عرب کی خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ الریاض معاہدہ ایک بہت اچھی شروعات ہے۔ امید ہے یمنی بحران کے حل کے لیے مزید محنت اور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یمنی حکومت اور جنوبی عبوری کونسل کے مابین ریاض معاہدے کو یمنی عوام کی فتح اور جنگ زدہ ملک کے امن استحکام کے لیے نقطہ آغاز قرار دے دیا۔عرب ٹی وی کے مطابق الریاض میں معاہدے سے قبل خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت اور ان کی سرپرستی میں یمنی بھائیوں کے مابین پائے جانے والے تنازعہ کو دور کرنے کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی گئی ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ یمن کے استحکام کے لیے ایک نیا آغازگا ۔یہ معاہدہ سیاسی حل اور ملک میں جنگ کے خاتمے کی طرف ایک قدم ہے۔شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض معاہدے کی کامیابی میں متحدہ عرب امارات کے کردار کی تعریف کی۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان اور یمنی صدر عبد ربہ منصور ھادی سے یمن میں عبوری کونسل اور حکومت کے درمیان طے معاہدے پر بات چیت کی۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی ولی عہد نے دونوں رہ نمائوں کے ساتھ الگ الگ بات چیت کی۔ملاقات کے دوران انہوں نے یمنی محاذ جنگ کی تازہ ترین صورت حال پربھی تبادلہ خیال کیا اور یمن کی سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے ریاض معاہدے تک پہنچنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔شہزادہ محمد بن سلمان یمنی صدر منصور ہادی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ریاض معاہدے اور اسے کامیاب بنانے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقعے پر یمنی صدر نے عبوری کونسل اور حکومت کے درمیان مصالحتی معاہدہ کرانے پر سعودی قیادت بالخصوص شاہ سلمان اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مساعی کو سراہا۔سعودی ولی عہد شہزادہ نے یمن کی عبوری کونسل کے سربراہ عید روس الزبیدی سے بھی ملاقات کی۔