گوجرانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک، 3فرار
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پو لیس اور ڈاکوئوں کے درمیان ہونیوالے مبینہ پو لیس مقابلہ کے دوران ایک ڈاکو ہلاک، تین فرار ہو گئے۔ محلہ نور پورہ کا بلال حسن علی الصبح ٹریکٹر ٹرالی لیکر شہر کی طرف سے آ رہا تھا کہ راہوالی کے محلہ امرت پورہ کے نزدیک جی ٹی روڈ پر چار ڈاکوئوں نے اسے زبردستی روک لیا اور ازار بند سے باندھنے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی لیکر فرارہو گئے۔ بعد ازاں بلال حسن نے کوشش کرکے اپنے آپ کو کھولا اور تھانہ کینٹ پولیس کو واردات سے متعلق آگاہ کیا۔ پولیس نے ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا لوہیانوالہ نہر کے قریب ڈاکوئوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی اس دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ کی زد میں آ کر موقع پر ہلاک جبکہ دیگر تین ڈاکو ٹرالی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔