جے یو آئی ف کا دھرنا بھی 2014 کی طرح ہی غلط ہے: چوہدری نثار
ٹیکسلا (نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کیلئے جتھے داخل کرنے کا حربہ کسی طور بھی مناسب نہیں۔ 2014ء میںعمران خان کی طرف سے دیئے گئے دھرنے کا اقدام غلط تھا، اور آج جے یو آئی ف کی طرف سے دیا جانے والا دھرنا بھی غلط ہے، اتنی بڑی تعداد میں جب عوام ایک جگہ اکٹھی ہوجائے، تو پھر انہیں اٹھانا مشکل ہوجاتا ہے، اسی لیئے عمران خان کے دھرنے کی بھی مخالفت کی تھی۔ سیاسی میدان میں ہوں، اور رہونگا، وقت آنے پر فیصلہ کرونگا کہ ملکی سیاست میںکس فورم کا انتخاب کرنا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کرتار پور راہداری کو سکھ یاتریوںکے لئے کھولنا، ایک اچھا اور بہتر اقدام ہے، تاہم ویزہ اور پاسپورٹ کے بغیر اور بغیرکسی انٹری فیس کے سکھ یاتریوں کو ملک میںآنے جانے کی اجازت دینا، اخلاقی درجہ سمیت کسی درجہ میں بھی مناسب نہیں ہے، اور اگر اس نوعیت کا اقدام اٹھایا جا رہا ہے، تو یہ وفاقی وزیر داخلہ کی نااہلی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ ٹیکسلا واہ کینٹ کے دوران ملک عارف کے والد، سابق وائس پریذیڈنٹ ملک مصری خان کی وفات پر اظہار تعزیت کرنے کے بعد مقامی نامہ نگاروںسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی سردار سلطان اور دیگر بھی موجود تھے۔